حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امیرالمؤمنین حضرت علی ابن ابی طالبؑ کے یومِ ولادتِ باسعادت کے پُرمسرت موقع پر جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے زیرِ اہتمام وادی کشمیر کے مختلف مقامات پر عظیم الشان اور پُروقار تقریبات کا انعقاد عمل میں آیا۔ ان تقریبات میں علماء کرام، معزز شخصیات، معلمین، طلبہ و طالبات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مرکزی نوعیت کی تقریبات مرکزی امام باڑہ بڈگام، چک باغ حضرت بل سرینگر اور باب العلم ہائر سیکنڈری اسکول بڈگام کے آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوئیں، جہاں دینی، فکری اور اصلاحی خطابات کے ذریعے سیرت امیرالمؤمنینؑ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔
اس کے علاوہ خانقاہ میر شمس الدین عراقیؒ جڈی بل سرینگر، امام باڑہ یاگی پورہ ماگام سمیت دیگر مقامات پر بھی جشن مولودکعبہؑ کی تقریبات منعقد ہوئیں۔

مرکزی امام باڑہ بڈگام میں منعقدہ مرکزی تقریب سے انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے تفصیلی خطاب کیا۔
انہوں نے امیرالمؤمنین حضرت علیؑ کی حیات طیبہ، فضائل، عدل، تقویٰ اور اسلامی معاشرے کی تشکیل میں آپؑ کے کردار پر جامع روشنی ڈالی۔

انہوں نے اپنے خطاب میں خطے اور عالم اسلام کی تازہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے ایران میں حالیہ حالات پر بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ یہ تمام تر سازشیں صیہونی اسرائیل اور امریکی ایجنسیوں کی کارستانی ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دشمنان اسلام اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، کیونکہ حق و مقاومت کی راہ امیرالمؤمنین حضرت علیؑ کی تعلیمات سے روشن ہے۔

چک باغ حضرت بل سرینگر میں منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مجتبیٰ عباس موسوی نے کہا کہ امیرالمؤمنین حضرت علیؑ نے رسول اکرم ؐ کے شانہ بشانہ اسلام کی دعوت، ترویج اور دفاع کے لیے ہر محاذ پر بے مثال خدمات انجام دیں۔ آپؑ کی قربانیاں، شجاعت اور بصیرت تاریخ اسلام کے روشن اور درخشاں ابواب کا حصہ ہیں اور امت مسلمہ کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی۔

تقریبات کے اختتام پر عالم اسلام کی سربلندی، امت مسلمہ کے اتحاد اور وادی کشمیر میں امن و اخوت کے فروغ کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔










آپ کا تبصرہ